ڈکیتی میں مزاحمت ایک اور نوجوان کی جان لے گئی

0
85

ہاٹ لائن نیوز: ڈکیتی میں مزاحمت پر نامعلوم ڈاکوؤں نے ایک اور نوجوان کو قتل کر دیا، مقتول 23 سالہ سعد فیکڑی میں اپنے کام کے ساتھ موٹر سائیکل چلاتا تھا۔

کراچی میں بدنام ڈاکو شہریوں کی موت کے سوداگر بن گئے، شہر میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان نے ایک اور نوجوان کو قتل کردیا۔

گزشتہ رات کراچی کے علاقے جوہر موڑ کے قریب 23 سالہ سعد کو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔ متاثرہ خاندان کے مطابق سعد کی دو ماہ بعد شادی ہونے والی تھی اور وہ اپنی اور بہن کی شادی کی تیاریوں میں مصروف تھا۔

مقتول کے چچا نے بتایا کہ سعد اپنے ماموں کی فیکٹری میں کام کے ساتھ موٹر سائیکل چلاتا تھا، وہ گزشتہ رات سواری کے انتظار میں وہاں کھڑا تھا کہ چند ملزمان اس کا موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے۔

مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ واقعے سے کچھ دیر پہلے اس کی اپنے بھائی سے بات ہوئی تھی اور تھوڑی دیر بعد خبر آئی کہ اسے کسی نے گولی مار دی ہے۔

سعد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ شہر میں آئے روز گولیاں چل رہی ہیں، ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔

دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے 30 بور کا خول ملا ہے، متوفی کی تدفین کے بعد لواحقین کا بیان لے کر مقدمہ درج کیا جائے گا، سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

Leave a reply