چیئرمین تحریک انصاف کو نیند سے بھی محروم کر دیا گیا

0
158

اسلام آباد: ( ہاٹ لائن نیوز) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے وکیل شیر افضل مروت کے مطابق عمران خان کو جیل میں رات کو نیند نہیں آتی، کپتان کو جس جگہ رکھا گیا ہے وہاں چھت بھی نہیں ہے اور مکھیاں بھی بہت زیادہ ہیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سابق وزیر اعظم کو اٹک جیل سے منتقل کرنے اور جیل میں سہولیات کی درخواست پر سماعت کی۔

سابق وزیر اعظم کی جانب سے ایڈوکیٹ شیر افضل مروت نے دلائل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اٹک جیل میں بی کلاس ہے ہی نہیں ، یہ صرف اور صرف عمران خان کو تکلیف دینے کیلئے کیا جا رہا ہے۔

وکیل شیر افضل مروت نے کہا کہ عمران خان کو نیند نہیں آتی، ان کو جہاں رکھا گیا وہاں پر چھت نہیں، اوپر سے پانی گرتا رہتا ہے اور وہاں مکھیاں بھی بہت زیادہ ہیں، جب کہ اڈیالہ جیل میں سیکیورٹی انتظامات بھی بہتر ہیں اور وہاں بی کلاس بھی موجود ہے۔

دورانِ سماعت اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کا کہنا تھا کہ اٹک جیل میں اے اور بی کلاس کی جگہ عام اور بیٹر کلاسز موجود ہیں، عمران خان کو بیٹرکلاس دی گئی ہے۔

چیف جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ اگر بیٹر کلاس کا یہ حال ہے تو پھر عام کلاس کا کیا حال ہوگا؟

اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ سابق وزیر اعظم کو جیل میں جو مسائل تھے وہ دور ہو چکے ہیں، باتھ روم کی دیواریں اونچی کرکے سفیدی کروا دی گئی ہے ، چیئرمین تحریک انصاف کو بیڈ، کرسی، 5 ڈاکٹرز ، 5 اخبارات اور21 انچ ٹی وی فراہم کئے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی کو کھانے میں چکن اور مٹن دیسی گھی میں بنا کردیا جاتا ہے۔

Leave a reply