مہنگائی نے پنجاب پولیس کے بجٹ کو متاثر کردیا۔آئی جی پنجاب نے پنجاب پولیس کوپٹرول،گیس اور بجلی کودفتری امور میں استعمال پر کفایت شعاری اپنانے کی ہدایات جاری کر دیں۔ آئی جی پنجاب کی ہدایات پر تمام یونٹس اور فیلڈ میں تعینات افسران بجلی اور پٹرول کے غیر ضروری استعمال کی روک تھام پر سختی سے عملدر آمد کریں گے۔پولیس کے تمام یونٹس بشمول انویسٹی گیشن، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، پنجاب کانسٹیبلری، سپیشل پروٹیکشن یونٹ،ٹریفک، پی ایچ پی کے ہیڈ کوارٹرز میں تعینات افسران کو سی پی او کی طرز پر فیول استعمال کرنے کے پابند ہوں گے۔
تمام ٹریننگ انسٹی ٹیوشنز میں تعینات افسران بھی سی پی او کی طرز پر فیول استعمال کرنے کے پابند ہونگے۔فیلڈ افسران اپنی آپریشنل ضروریات کے مطابق فیول استعمال کریں گے تاہم غیر ضروری استعمال پر سختی سے پابندی ہو گی۔سنٹرل پولیس آفس اور یونٹ ہیڈ کوارٹرز میں سرکاری مقاصد کیلئے اضافی پٹرول مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد ہی دیا جائے گا۔دوردراز کے علاقوں کی میٹنگز یا غیر ضروری میٹنگز ویڈیو لنک پر منعقد کی جائیں۔جنریٹر کا استعمال صرف انتہائی ضروری شعبوں اور امور کیلئے کیا جائے جبکہ ہیوی مشینری اور آلات کو جنریٹر سے ہٹا دیاجائے۔
