پنجاب کے سرکاری اداروں نے مہنگی بجلی کا حل نکال لیا
راولپنڈی: ( ہاٹ لائن نیوز) پنجاب کے سرکاری اداروں کی سولر سسٹم پر منتقلی کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔
بجلی کے بلوں میں اضافے پر عوام کے ساتھ ساتھ سرکاری ادارے بھی مشکل کا سامنا کررہے ہیں۔ اس بدترین صورت حال کے پیش نظر پنجاب کے سرکاری اداروں کی عمارات اور تنصیبات کی سولر سسٹم پر منتقلی کا فیصلہ کیا گیاہے۔
پی این ڈی کے چیئرمین افتخار سہو کی زیر صدارت اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے کے 5 واسا اور دیگر 19 اداروں کی عمارات اور تنصیبات سولر سسٹم پر منتقل کی جائیں گی۔
50 کروڑ کی لاگت سے اڈیالہ جیل کو بھی 2 میگا واٹ سولر سسٹم پر منتقل کیا جائے گا۔ اس سلسلے میں راولپنڈی ، فیصل آباد ،لاہور ، ملتان اور گوجرانوالہ کی واسا کو دستیاب سائٹس پر سولر سسٹم لگانے کی ہدایات کی گئی ہے۔
اس کے علاؤہ پنجاب کے دیگر 19 اداروں سے سولر سسٹم لگانے کے پراجیکٹس کی تفصیلات طلب کرلی گئی ہیں۔ سرکاری ادارے سولر سسٹم پر ہو جانے سے ماہانہ 60 سے 70 فی صد بجلی بل کی بچت کرسکیں گے۔