پنجاب بجٹ بحران؛ اسپیکر کا بلایا اسمبلی اجلاس ملتوی 69

پنجاب بجٹ بحران؛ اسپیکر کا بلایا اسمبلی اجلاس ملتوی

پنجاب اسمبلی میں بجٹ اجلاس کا معاملہ سنگین ہوگیا ہے اور صوبائی حکومت اور اسپیکر کے درمیان بالادستی ظاہر کرنے کے لیے قانونی داؤ پیچ کا سلسلہ جاری ہے۔

اسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ کی سربراہی میں پنجاب اسمبلی میں اجلاس ہوا، جس میں مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے ارکان صوبائی اسمبلی شریک تھے۔ بعد ازاں اسپیکر نے اجلاس کل تک کے لیے ملتوی کردیا۔

پنجاب اسمبلی کی آزادانہ حیثیت ختم
اسپیکر پرویز الہیٰ کے اختیارات محدود کرنے کے لیے حکومت نے پنجاب اسمبلی کی آزادانہ حیثیت ختم کرکے محکمہ قانون کو خصوصی اختیارات سونپ دیئے ہیں۔

اس حوالے سے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے آرڈیننس بھی جاری کردیا ہے، جس کے تحت اب اسمبلی سیکریٹریٹ کے سارے فیصلے محکمہ قانون کرے گا۔

13 اور 14 جون کو کیا کچھ ہوا؟

پنجاب اسمبلی میں صوبائی حکومت کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ 13 جون کو پیش کیا جانا تھا لیکن حکومت اور اسپیکر کے درمیان معاملات طے نہ ہونے کی وجہ سے بجٹ پیش ہی نہ کیا جاسکا۔

پیر (13 جون) کو 6 گھنٹے کی تاخیر سے اجلاس شروع ہوا تو اسپیکر نے صوبائی وزیر عطا اللہ تارڑ کو ایوان سے نکالنے کی رولنگ دے دی۔

عطا اللہ تارڑ کو نکالنے کے لیے اجلاس کی کارروائی ایک گھنٹے مزید تاخیر کا شکار ہوئی، جس کے بعد اسپیکر نے مطالبہ کردیا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری کو اسمبلی میں بلایا جائے۔ اسپیکر نے اجلاس 14 جون کو ملتوی کردیا۔

14 جون کو پنجاب حکومت کی کابینہ نے اسپیکر کو آگاہ کردیا کہ آئی جی پنجاب اور چیف سیکریٹری نہ تو پنجاب اسمبلی آئیں گے اور نہ ہی معافی مانگیں گے۔

اسپیکر اور پنجاب حکومت اپنے اپہنے موقف پر ڈٹے رہے اور 14 جون کو بھی اجلاس نہ ہوسکا۔

جس کے بعد اسپیکر چوہدری پرویز الہیٰ اور گورنر بلیغ الرحمان نے آج اسمبلی کے الگ الگ اجلاس طلب کئے۔

گورنر پنجاب نے اجلاس ایوان اقبال جب کہ اسپیکر نے اسمبلی میں ہی اجلاس طلب کیا تھا۔

اپوزیشن ارکان گورنر کی طلب اجلاس میں عدم شرکت
ق لیگ اور پی ٹی آئی نے اراکین کو ایوانِ اقبال میں ہونے والے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں جانے سے روک دیا ہے۔ اس حوالے سے پی ٹی آئی نے اپنے ارکان کو خصوصی ہدایت نامہ بھی جاری کیا تھا۔

ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری نے سماء سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب آئینی طور پر کہیں بھی اجلاس طلب کرسکتے ہیں، گورنر پنجاب نے اجلاس ایوان اقبال میں بدھ کو طلب کیا ہے، گورنر کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو اجلاس کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اسپیکر کی عدم موجودگی میں اجلاس کی صدارت میں کرونگا، یہ 41واں اجلاس طلب کیا گیا ہے، پینل سمیت تمام معاملات طے کئے جائیں گے، ملک اور قوم کی خدمت کیلئے کام کرنا ہمارا فرض ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں