پرویزالہی کی قسمت جاگ اٹھی

1
131

لاہور: ( ہاٹ لائن نیوز) لاہور ہائیکورٹ کے سنگل بنچ نے سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کو عبوری ریلیف دیتے ہوئے فوری طور پر نیب کی تحویل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ انکوائری کروائی جائے گی کہ عدالتی حکم کے باوجود کس کے کہنے پر اور کیوں پرویز الہی کو گرفتار کیا گیا۔

صبح سماعت کے موقع پر عدالت نے ریمارکس دیئے تھے کہ آپ پنگ پانگ کھیل رہے ہیں کئی مرتبہ پرویز الٰہی کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جاچکا ہے ۔

پرویز الہی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ن لیگ آئی ہے انہوں نے مہنگائی ہی کی ہے ، ملک کا بیڑا غرق کرکے ن لیگ کی قیادت لندن بھاگ گئی ہے ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس امجد رفیق نے پرویز الہی کی نیب میں گرفتاری کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی ، نیب کی جانب سے پرویز الہی کو عدالتی حکم پر 11.50 منٹ پر عدالت میں پیش کیا گیا ، عدالت نے فوری عبوری ریلیف دیتے ہوئے نیب تحویل سے رہا کرنے کا حکم دے دیا ۔

عدالت نے قرار دیا کہ انکوائری ہوگی کہ عدالتی حکم کے باوجود پرویز الہٰی کو کیوں گرفتار کیا گیا ، عدالت میں گزشتہ روز نیب پراسکیوٹر نے یقین دہانی کروائی تھی کہ پرویز الہی کو جمعہ کی صبح دس بجے پیش کردیا جائے گا لیکن عدالتی حکم کے باوجود ایک مرتبہ پھر پرویز الہی کو عدالت کے روبرو پیش نہیں کیا گیا ۔

سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے نیب پراسکیوٹر سے استفسار کیا کہ بتائیے پرویز الہی کدھر ہیں ؟ کیوں عدالت پیش نہیں کیا گیا ؟ وکیل پنجاب حکومت غلام سرور نہنگ نے موقف اختیار کیا کہ نیب نے پنجاب حکومت کو سکیورٹی کے لیے خطوط لکھے , ہمیں کل کی سماعت کا تحریری حکم نہیں ملا ، عدالت نے باور کرایا کہ تحریری حکم کل ہی جاری ہوچکا تھا اس کا مطلب ہے آپ نے پرویز الٰہی کو پیش نہیں کرنا ۔

نیب پراسکیوٹر کا موقف تھا کہ ہم پرویز الٰہی کو پیش کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن پرویز الٰہی کی زندگی کو شدید خطرات ہیں ، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کی عزت انہی عدالتوں سے ہے ، جسٹس امجد رفیق نے ایک بار پھر حکم دیا کہ پرویز الٰہی کو ایک گھنٹہ میں پیش کریں آپ پنگ پانگ کھیل رہے ہیں ، کئی مرتبہ پرویز الٰہی کو ٹرائل کورٹ میں پیش کیا جاچکا ہے ۔

جسٹس امجد رفیق نے واضح ہدایات جاری کی کہ حکومت کو چھوڑیں آپ پرویز الٰہی کو پیش کریں ، حکومت نیب کے ساتھ تعاون نہیں کرتی تو نہ کرے ۔

عدالت نے ایک گھنٹے میں پرویز الٰہی کو پیش کرنے کا حکم دیدیا ، عدالت نے باور کرایا کہ اگر پرویز الہی کو پیش نہ کیا گیا تو ڈی جی نیب کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے جائیں گے ۔

عدالتی حکم پر سابق وزیر اعلی پنجاب پرویز الہی کو عدالت پیش کیا گیا ، عدالتی حکم کے بعد نیب حکام پرویز الہی کے پاس آئے اور کہا کہ آپ ہماری طرف سے فری ہیں آپ جاسکتے ہیں ۔

پرویز الہی کے وکلا کا موقف تھا عدالتی تحریری حکم ملنے کے بعد عدالت سے روانہ ہونگے ، پرویز الہی نے کمرہ عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی ن لیگ آئی ہے انہوں نے مہنگائی ہی کی ہے ملک کا بیڑا غرق کرکے ن لیگ کی قیادت لندن بھاگ گئی ہے ، مجھے تو اندر رکھا ہوا پتہ نہیں ملک کا کیا کررہے ہیں ، پرویز الٰہی نے مزید کہا کہ اب تو آئی ایم ایف نے بھی کہہ دیا ہے الیکشن کروائیں ۔

1 comment

Leave a reply