پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات آج سے شروع ہوں گے 92

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات آج سے شروع ہوں گے

اسلام آباد: تکنیکی سطح کے مذاکرات کے بعد آج پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات شروع ہونے جارہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق تکنیکی سطح کے مذاکرات اس سے قبل سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں وفد مکمل کر چکے ہیں جس کے بعد آج پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان پالیسی مذاکرات شروع ہوں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پالیسی مذاکرات میں وزیر خزانہ اور قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق توانائی کے شعبے میں پاکستان پر سبسڈی ختم کرنے اور پالیسی ریٹ میں کم از کم ایک فیصد اضافے کے لئے دباؤ ہے۔

پاکستان پر خسارے میں چلنے والے ریاستی اداروں کی نجکاری سمیت ریاستی ملکیت میں قائم ہونے والے دو بجلی گھروں کو بھی جلد سے جلد فروخت کرنے کے لئے دباؤ ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ پاکستان کو اگلے مالی سال کے لئے بجٹ ترجیحات سے بھی آئی ایم ایف کو آگاہ کرنا ہوگا جبکہ یہ پالیسی مذاکرات 25 مئی تک مکمل ہوں گے۔

کامیابی کی صورت میں مشترک طور پر اعلامیہ جاری کیا جائے گا جبکہ پاکستان نے قرض پروگرام کو مزید ایک سال کے لئے توسیع دینے کی تجویز دی ہے۔

ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان نے قرض کی رقم چھ سے آٹھ ارب ڈالر تک بڑھانے کی درخواست کررکھی ہے اور اگر مذاکرات کامیاب ہوجاتے ہیں تو مشن ایک ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کی سفارش کرسکتا ہے جبکہ یہ قسط جولائی کے وسط تک پاکستان کو موصول ہو سکتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں