وزیر خارجہ کا روسی ہم منصب سے یوکرین تنازعہ سفارتی تصفیے سے حل کرنے پر زور 67

وزیر خارجہ کا روسی ہم منصب سے یوکرین تنازعہ سفارتی تصفیے سے حل کرنے پر زور

وزیر خارجہ اور روسی ہم منصب میں ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں شاہ محمود قریشی نے یوکرین تنازع سفارتی تصفیے سے حل کرنے پر زور دیا۔

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کے مابین ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم کے حالیہ دورہ ء روس کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ ایجنڈے اور افغانستان سمیت خطے کے اہم موضوعات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے 4 مارچ 2022 کو پشاور میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے روس کی طرف سے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت پر زور دیا۔

دونوں وزرائے خارجہ کا افغانستان میں امن و استحکام کے مشترکہ اہداف کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یوکرین کی تازہ ترین صورتحال پر پاکستان کی تشویش کا حوالہ دیتے ہوئے ہوئے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے بنیادی اصولوں کے مطابق کشیدگی میں کمی لانے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے کثیر جہتی معاہدوں، بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت تنازعہ کے سفارتی تصفیے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیر خارجہ نے تنازعہ کے پر امن حل کیلئے، یوکرین، پولینڈ، رومانیہ اور ہنگری کے وزرائے خارجہ اور یورپی یونین کے اعلیٰ نمائندے برائے خارجہ امور کے ساتھ ہونیوالے حالیہ ٹیلیفونک رابطوں سے آگاہ کیا۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ توقع ہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان شروع ہونے والے مذاکرات سفارتی حل تلاش کرنے میں کامیابی سے ہمکنار ہوں گے۔

روسی وزیر خارجہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کو صورت حال پر روس کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا، وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ یوکرین سے پاکستانی شہریوں کی محفوظ اور جلد واپسی، حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں روسی حکومت سے مدد اور سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی۔

روسی وزیر خارجہ نے پاکستانی شہریوں کے محفوظ انخلا کے حوالے سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے ابھرتی ہوئی صورتحال پر رابطے جاری رکھنے پر اتفاق بھی ہوا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں