وزیر اعلیٰ نیک نیتی سے صرف ڈرامے بازی ہی کرسکتے ہیں 12

وزیر اعلیٰ نیک نیتی سے صرف ڈرامے بازی ہی کرسکتے ہیں

بلال غفار نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نیک نیتی سے صرف ڈرامے بازی ہی کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی بلال غفار نے وزیر اعلیٰ سندھ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کوشش کررہے ہیں،سب ٹھیک ہے یہ جملے سن کر شہر کی نسلیں جوان ہوگئیں۔

بلال غفار نے کہا کہ اس شہر کے ٹیکس پر سندھ حکومت کی رال ٹپکتی ہے، شہر کا نظام پی پی سے ٹھیک ہونا اب ممکن نہیں۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر نے یہ بھی کہا کہ 15 سالوں سے پی پی کی پرفارمینس رپورٹ زیرو بٹا زیرو ہے، بارشوں میں لانگ بوٹ رین کورٹ پہن کر نکلنے سے مشکلات حل نہیں ہوں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ بلدیہ کے محکمے میں گھوسٹ ملازمین کی بھرمار ہے، وزیر اعلیٰ سندھ نیک نیتی سے صرف ڈرامے بازی ہی کرسکتے ہیں۔

پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن سندھ اسمبلی بلال غفار کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں جگہ جگہ پانی کی موجودگی پی پی کی ناکام اسٹرٹیجی کا ثبوت ہے، گھوسٹ ملازمین کی جگہ شاید مدد کیلئے شہریوں کو پکاریں تو شہری بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

واضح رہے کہ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مون سون کی مسلسل جاری بارش کے دوران شہر کراچی کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ عوام کو چاہئے کہ بارشوں میں خود اور اپنے بچوں کو گھروں تک محدود رکھیں کیونکہ بارشوں میں ندی نالوں میں تغیانی اور پانی کی نکاسی کیلئے مین ہول بھی کھولے جاتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسی صورتحال میں بچوں کو کسی صورت سڑکوں پر کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے، یہ بارش کا تیسرے اسپیل ہے، اس بارش کو پکنک نہیں سمجھا جائے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ پولیس اور ضلعی انتظامیہ کو عوام کی ہر طرح سے مدد کرنی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں