3

وزیراعلی کے پی کا صحت کارڈ پر علاج میں دشواری کی شکایات کا سخت نوٹس

پشاور: وزیر اعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے بعض نجی ہسپتالوں میں صحت کارڈ اسکیم کے تحت مفت علاج معالجے میں دشواری کی شکایات کا سخت نوٹس لے لیا۔
محمود خان نے محکمہ صحت کے حکام کو نجی ہسپتالوں میں صحت کارڈ کے تحت مفت علاج معالجے کی مؤثرمانیٹرنگ کی ہدایت کردی۔
انہوں نے کہا کہ نجی ہسپتالوں میں مفت علاج معالجے کی فراہمی میں مریضوں کو دشواری کی شکایات پر معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کی جائیں، شکایت درست ثابت ہونے کی صورت میں ہسپتال کو صحت کارڈ کے پینل سے مستقل طور پر خارج کیا جائے۔
محمود خان نے کہا کہ صحت کارڈ پی ٹی آئی حکومت کا غریب پرور منصوبہ ہے، اس کے سو فیصد ثمرات عوام تک پہنچنے چاہئیں، محکمہ صحت اس کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
وزیر اعلی نے ہدایت کی کہ محکمہ صحت اس سلسلے میں نجی ہسپتالوں کو درپیش مسائل کا بھی جائزہ لے کر ان کو حل کرنے کے لئے اقدامات اٹھائے، رجسٹرڈ نجی ہسپتالوں میں عوام کو مفت علاج معالجے کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
محمود خان کا کہنا تھا کہ صحت کارڈ کے پینل پر موجود تمام نجی ہسپتال مریضوں کو سو فیصد مفت علاج معالجے کی فراہمی کو یقینی بنائیں، مریضوں کو دشواری کی صورت میں ہسپتال کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں