ورلڈکپ کرکٹ: خطرناک گروہ گرفتار
ممبئی: (ہاٹ لائن نیوز) بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں پولیس نے پاک بھارت کرکٹ ورلڈ کپ میچ کے جعلی ٹکٹ چھاپنے اور 3 لاکھ روپے میں لوگوں کو فروخت کرنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔
احمد آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چار ملزمان میں سے تین کی عمریں 18 سال اور چوتھے کی عمر 21 سال ہے۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ 14 اکتوبر کو احمد آباد کے علاقے متیا کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں ہونا ہے۔
احمد آباد سٹی کرائم برانچ کے ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) چیتنیا منڈلک نے کہا کہ پولیس کی ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ ملزم نے پہلے میچ کا اصل ٹکٹ خریدا اور پھر ایک ملزم نے فوٹو شاپ سافٹ ویئر کا استعمال کیا۔ اصل ٹکٹ کی اسکین شدہ کاپی میں ترمیم کرکے 200 کے قریب جعلی ٹکٹ پرنٹ کیے گئے۔
انہوں نے کہا، “پولیس نے تمام 200 ٹکٹیں برآمد کر لی ہیں، جن میں وہ 50 ٹکٹیں بھی شامل ہیں جو نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر اپنے کنکشن کا استعمال کرتے ہوئے فروخت کی تھیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ملزمان کی شناخت جمن پرجاپتی، دھرمل ٹھاکر اور راجویر ٹھاکر (تمام 18 سال) اور 21 سالہ کش مینا کے طور پر کی گئی ہے جو احمد آباد یا گاندھی نگر کے مختلف علاقوں کے رہنے والے ہیں۔