
ہاٹ لائن نیوز : دیکھنے میں خوبصورت اور کھانے میں مزیدار ہونے کیساتھ انناس ایک رسیلا، میٹھا اور ذائقے سے بھرپور پھل ہے جو پوری دنیا میں مقبول ہے۔
انناس کو قدرت نے غذائیت سے بھرپور بنایا ہے اور اس میں پائے جانے والے اینٹی آکسیڈنٹس صحت پر مثبت اثرات مرتب کرتے ہیں۔اس کے علاوہ انناس وٹامنز، منرلز، میگنیشیم بالخصوص وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے۔
اپنی خوراک میں مزیدار اور غذائیت سے بھرپور انناس کو شامل کرنا بہت ضروری ہے۔
انناس ایک ایسا پھل ہے جو نزلہ زکام اور کھانسی کے علاج میں مفید ہے۔اس پھل میں برومیلین نامی ایک انزائم پایا جاتا ہے جو وائرل انفیکشن سے لڑنے اور بیکٹیریا کو مارنے کی خصوصیات رکھتا ہے۔
انناس میگنیشیم سے بھرپور ہوتا ہے جو آپ کی ہڈیوں کو مضبوط بناتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ پھل جوڑوں اور پٹھوں کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔
اس پھل میں کیلشیم بھی ہوتا ہے جو کہ مسوڑھوں، جبڑے اور دانتوں کی صحت کو برقرار رکھتا ہے اور اس پھل میں پایا جانے والا میگنیشیم دانتوں کو مضبوط بناتا ہے۔
اگر آپ سردیوں میں خشک جلد کو تروتازہ اور صحت مند رکھنا چاہتے ہیں تو انناس کا استعمال بہترین انتخاب ہوگا۔
انناس جلد کی دلکشی بڑھانے کے علاوہ جلد کی اوپری تہہ کو صحت مند بناتا ہے۔