ہاٹ لائن نیوز : انسداد دہشت گردی عدالت میں عسکری ٹاور حملہ کیس میں ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت دیگر کیخلاف ٹرائل کا اغاز کر دیا گیا ، سابق گورنر عمر سرفراز چیمہ ٫ ڈاکٹر یاسمین راشد ٫خدیجہ شاہ اور فہمیدہ بیگم کی ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کی گئی ۔
خدیجہ شاہ اور ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ ہمیں وکیل سے ملاقات کرنی ہے ہمیں عدالت میں بلوایا جائے ۔
خدیجہ شاہ کا کہنا ہے کہ میں وکیل سے مل کر اپنا وکالت نامہ دینا چاہتی ہوں جس پر فاضل جج عبہر گل خان نے کہا کہ پریشان نہ ہوں آپ کو جیل سے عدالت بلا لیتے ہیں ۔
عسکری ٹاور حملہ کیس کے دیگر 47 ملزمان کی بھی ویڈیو لنک پر حاضری مکمل کی گئی ۔
عدالت نے کہا کہ ابھی تک تمام برضمانت ملزمان کی حاضری مکمل نہیں ہوئی ہے ، سب ملزمان کی حاضری مکمل ہونے پر چالان کی کاپیاں تقسیم کی جائیں گی ، چالان کی کاپیاں تقسیم ہونے کے بعد فرد جرم عائد کی جائے گی ۔
یاد رہے کہ گلبرگ پولیس نے ملزمان کیخلاف چالان جمع کرا رکھا ہے ۔