نامعلوم افراد کاانصاف ہاؤس پر پولیس اہلکاروں پر حملہ
کراچی: (ہاٹ لائن نیوز) شارع فیصل انصاف ہاؤس کے باہر نامعلوم موٹر سائیکل سوار افراد نے سیکیورٹی اہلکاروں پر حملہ کردیا۔
لاٹھیوں سے لیس حملہ آوروں نے سیکیورٹی ڈیوٹی پر موجود دو اہلکاروں پر حملہ کیا، انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور ان کی وردیاں پھاڑ دیں۔
حملہ آوروں نے پولیس موبائل پر پتھراؤ کیا اور فرار ہوتے ہوئے فائرنگ کردی۔ پولیس نے تلاشی کے دوران اسلحہ برآمد کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیپو سلطان تھانے کی حدود شاہراہ فیصل پر واقع انصاف ہاؤس کے باہر سیکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات پولیس اہلکاروں پر موٹر سائیکل سواروں نے ڈنڈوں اور ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق حملہ آوروں کی تعداد 20 سے 25 تھی، مسلح افراد نے مصافحہ کے دوران 2 پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں، حملہ آوروں نے پولیس اہلکاروں سے اسلحہ بھی چھیننے کی کوشش کی۔
حملہ آوروں نے پٹرولنگ پولیس موبائل پر پتھراؤ بھی کیا۔ حملہ آور پاکستان تحریک انصاف زندہ باد کے نعرے لگا رہے تھے اور چیئرمین عمران خان کی رہائی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ جیسے ہی پولیس کی مزید نفری پہنچی، حملہ آور پتھراؤ اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔
ملزمان کے فرار ہونے کے بعد پولیس نے علاقے کی تلاشی لی اور 30 بور پستول اور 4 راؤنڈ برآمد کر لیے۔ 20 سے 25 نامعلوم ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 147، 148، 149، 353 اور 186 کے تحت 2023 درج کیا گیا ہے، مقدمے میں ہنگامہ آرائی، توڑ پھوڑ، کار سرکار میں مداخلت اور پولیس اہلکاروں پر حملے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق حملہ آوروں نے اہلکاروں عادل اور گل فراز کو تشدد کا نشانہ بنایا، لاٹھیوں سے مسلح افراد نے ہنگامہ آرائی کی اور پتھراؤ کیا۔ تفتیش ابھی جاری ہے۔