مونس الہٰی پر کیسز طارق چیمہ اور سالک حسین بنوا رہے ہیں، فواد چوہدری 36

مونس الہٰی پر کیسز طارق چیمہ اور سالک حسین بنوا رہے ہیں، فواد چوہدری

سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ سالک حسین اور طارق چیمہ پرویز الہیٰ اور مونس کے خلاف جعلی مقدمے بنوا رہے ہیں، سیاست اپنی جگہ آخر آپ کا بھائی ہے کوئی شرم کریں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں سابق وفاقی وزیر اور تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ق لیگ کے رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ اور چوہدری شجاعت حسین کے بیٹے سالک حسین نے بے شرمی کی انتہا کردی ہے، مونس الہیٰ نے طارق چیمہ کیلئے کیا نہیں کیا۔

تحریک انصاف کے رہنما کا کہنا تھا کہ آج طارق بشیر چیمہ اور سالک حسین پرویز الہیٰ اور مونس کے خلاف جعلی مقدمے بنوا رہے ہیں، کوئی شرم ہوتی ہے حیا ہوتی ہے، سیاست اپنی جگہ آخر آپ کا بھائی ہے کوئی شرم کریں۔

فواد چوہدری نے مؤنس الہیٰ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح آپ ایک مافیا کے خلاف کھڑے ہوئے آپ نے خود کو ثابت کر دیا ہے، جٹ کے بیٹے طاقتور کو چیلنج کرتے ہیں ہی اچھے لگتے ہیں، ظلم اور ناانصافی کے تابع نہیں ہوتے۔

پنجاب اسمبلی کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے ٹویٹ کیا کہ ملک کا سب سے بڑا صوبہ بدترین آئینی اور انتظامی بحران کا شکار ہے، صوبے کے وزیر اعلٰی کا پتہ ہے نہ کابینہ کا، اب اسمبلی بھی دو ہو جائیں گی، آپ کیا کر رہے ہیں، ضد اور انا سے باہر نکلیں اور عوام کو موقع دیں کہ سیاسی بحران حتمی طور پر ختم ہو انتخابات کی طرف بڑھیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ مارشل لاء کی حکومتوں میں بھی کبھی یہ نہیں کہا گیا کہ اسمبلی انتظامیہ کے ماتحت ہو گی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی اتحاد نے آج یہ عجیب و غریب کارنامہ بھی سرانجام دے دیا ہے، گورنر کا جاری کردہ آرڈیننس مارشل لاء کا اعلانیہ ہے، اب ملک میں جمہوریت کی بحالی کی جدوجہد ہے، آمریت کے خاتمے کیلئے ہر قربانی دیں گے۔

قومی اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے رہنما خورشید شاہ کی تقریر پر بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ایک ڈمی اسمبلی جس میں لوٹا آیسوسی ایشن کا چئرمین لیڈر آف اپوزیشن ہو، آپ کی غلط فہمی ہے کہ اسمبلی میں لوگوں کے آنے سے اس کی حیثیت بن جائے گی ، قومی اسمبلی سے قبضہ مافیا کا خاتمہ کرنا ہے تو واحد صورت نئے انتخابات ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں