کراچی (ہاٹ لائن نیوز ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین خالد محمود نے کہا ہے کہ پی سی بی کا دوبارہ چیئرمین بننے کی پیشکش ہوئی تو مسترد نہیں کروں گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق خالد محمود نے گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں بورڈ اور کرکٹ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔ اسی ضمن میں نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں خالد محمود کا کہنا تھا کہ اگر حکومت انہیں چیئرمین بننے کی آفر کرے گی تو وہ اسے مسترد کرنے کے بجائے قبول کریں گے۔نجی نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے انتظامی معاملات سنبھالنے کا میرے پاس 50 سال کا تجربہ ہے، میں پی سی بی کے گورننگ باڈی کا حصہ بھی ہوں، بحیثیت چیئرمین ذمے داریاں ملیں تو انہیں بخوبی نبھاؤں گا۔یاد رہے کہ خالد محمود 1998 سے 1999 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رہے تھے جبکہ خبریں زیر گردش ہیں کہ موجودہ چیئرمین رمیز راجہ کو ہٹا کو نیا چیئرمین لگایا جائے گا۔
