پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حسان خاور نے کہا ہے کہ ملک میں بدامنی پھیلانے والے صرف پاکستان کے ہی نہیں انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے جاری کردہ پیغام میں حسان خاور نے کہا کہ کراچی میں ہونے والے دھماکے کے باعث جانی اور مالی نقصان پر دلی دکھ ہے۔
کراچی میں ہونے والے دھماکے کے باعث جانی اور مالی نقصان پر دلی دکھ ہے۔ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں۔ اللہ پاک جان بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کو صحت عطا فرمائے۔ ملک میں بدامنی پھیلانے والے صرف پاکستان ہی نہیں انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔
— Hasaan Khawar (@hasaankhawar) May 12, 2022
انہوں نے کہا کہ جاں بحق ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کرتے ہیں، اللہ پاک جاں بحق افراد کی مغفرت اور زخمیوں کو صحت عطا فرمائے۔
حسان خاور نے مزید کہا کہ ملک میں بدامنی پھیلانے والے صرف پاکستان کے ہی نہیں انسانیت کے بھی دشمن ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی کے علاقے صدر میں گزشتہ شب بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق اور 13 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی اور کمشنر کراچی سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی کے علاقے صدر میں بم دھماکے میں ایک شخص کے جاں بحق اور تیرہ افراد کے زخمی ہونے پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
علاوہ ازیں وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کراچی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکریٹری اور آئی جی پولیس سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ وفاقی حکومت واقعے کی مکمل تحقیقات کے لیے صوبائی حکومت سے مکمل تعاون کرے گی۔
واقعے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق دھماکہ صدرکے مصروف ترین علاقے میں واقع یونائیٹڈ بیکری کے نزدیک پاکستان کوسٹ گارڈ کی گاڑی کے پاس ہوا
پولیس اورامدادی کارکنان نے جائے وقوعہ پرامدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں، سی ٹی ڈی کی ٹیم بھی دھماکے کی تحقیقات کے لیے جائے وقوعہ پرموجود ہے۔
دھماکے سے کئی گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں تباہ جب کہ متعدد گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے ہیں۔