58

ملک بحرانوں سے نکلے گا مگر کچھ وقت لگے گا، مریم نواز

لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف عوامی ردعمل کی شدت کم کرنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں عوام کو درپیش مسائل کا احساس اور ادراک ہے۔
ٹوئٹر پر جاری پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ حکومت مشکل ترین معاشی حالات میں بھی پوری محنت اور توجہ سے عوام کو ریلیف دینے کی بھرپور کوشش کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کم کرنے کے لیے وزیر اعظم شہباز شریف سرتوڑ کوشش کررہے ہیں۔ مریم نواز نے یقین دہانی کروائی کہ ان شا اللہ آیندہ دنوں میں بہتری آئے گی۔
سابقہ حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدوں پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عمران خان دور کے ظالمانہ معاہدے آج بھی قوم مہنگے پٹرول اور مہنگی بجلی کی صورت میں بھگت رہے ہیں۔ مہنگائی نے گزشتہ 4 برس سے عوام کی زندگی اجیرن بنا رکھی ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ حکومت ملک کی معاشی بنیادیں مضبوط کررہی ہے۔ مسلم لیگ ن ہی ایک بار پھر عوام کو ریلیف فراہم کرے گی۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف پی ٹی آّئی کے احتجاج پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ باقی شرپسندی کی طرح اس کال پر بھی ایک بندہ نہیں نکلا۔ ٹوئٹر پیغام میں مریم کا کہنا تھا کہ عوام ناصرف اس فتنے، تخریب کار اور بھگوڑے کو جان چکی ہے بلکہ عوام کو یہ بھی معلوم ہے کہ عمران کی پھیلائی ہوئی تباہی سے اگر کوئی جماعت پاکستان کو نکال سکتی ہے تو وہ مسلم لیگ ن ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ ابھی کچھ وقت لگے گا لیکن پاکستان بحرانوں سے نکل جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں