مشتعل افراد نےوزیراعلی کےگھرپردھاوا بول دیا
امپھال: (ہاٹ لائن نیوز) بھارت کی ریاست منی پور میں مشتعل افراد نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے تعلق رکھنے والے وزیرِاعلیٰ کے گھر پر دھاوا بول دیا اور ان کا گھر نذر آتش کرنے کی کوشش کی۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ریاست منی پور میں میتھی برادری سے تعلق رکھنے والے جولائی سے لاپتا دو نوجوانوں کی لاشیں ایک جنگل سے ملنے کے بعد ایک مرتبہ پھر سے نسلی فسادات پُھوٹ پڑے۔
مشتعل ہجوم نے منی پور کے دارالحکومت امپھال میں وزیرِ اعلیٰ این بیرن سنگھ کے گھر پر حملہ کیا۔ہجوم نے وزیراعلیٰ کے گھر کو جلانے کی کوشش کی جس پر قانون نافذ کرنے والے ادارے اور پولیس کے تازہ دم دستوں کو طلب کرلیا گیا۔
خیال رہے کہ مظاہرین وزیراعلیٰ کے گھر کو جلانے کی کوشش میں ناکامی کے بعد ریڈ زون ایریا میں واقع اراکان اسمبلی کے گھروں کی جانب بڑھنے لگے اور حملہ کرنے کی کوشش کی تاہم پولیس کی طرف سے اس کوشش کو بھی ناکام بنادیا گیا۔
اس موقع پر مظاہرین اور پولیس کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی اور دونوں طرف سے فائرنگ بھی کی گئی۔ جس کے بعد مظاہرین نے پولیس پر طاقت کے استعمال کا الزام بھی عائد کردیا۔
خیال رہے کہ بھارتی ریاست منی پور میں رواں سال مئی سے عیسائی مذہب کے کوکی نسل اور ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی میتھی نسل کے درمیان مسلح تصادم میں اب تک 150 سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں۔
یہ نسلی فساد اس وقت شروع ہوا تھا کہ جب مذکورہ قبائل میں سے قدیم قبائل پر نئے بسنے والے قبیلوں کو ترجیح دیتے ہوئے بی جے پی نے ملازمتوں تعلیمی کوٹے اور ملازمتوں میں اضافہ کیا تھا۔