ملک کی مسلح افواج نے اس سال بھی بجٹ کی مد میں کسی اضافی فنڈ کی ڈیمانڈ نہیں کی۔ ذرائع وزارت دفاع کے مطابق مسلح افواج نے معیشت کے استحکام کیلئے بڑے فیصلے کیے اور مختلف ایریاز میں اپنے اخراجات کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ذرائع وزارت دفاع نے بتایا کہ مسلح افواج نے یوٹیلٹی بلز کی مد میں اپنے اخراجات کو مزید محدود کردیاہے ، پی او ایل کی خصوصی بچت کیلئے تربیت اورانتظامی ضروریات کو کم کیا ہے۔
ذرائع وزارت دفاع کے مطابق عسکری سازوسامان کی خریداری کے غیرملکی معاہدوں کو مقامی کرنسی میں بدل دیا گیا جبکہ عسکری نقل وحرکت میں کمی اورجدید ٹیکنالوجی کے استعمال کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ کانفرنسوں اوردیگر اہم امورکیلئے آن لائن کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، عسکری تربیت کیلئے دور دراز علاقوں کے بجائے مقامی ایریا میں ٹریننگ کا فیصلہ کیا۔ ذرائع وزارت دفاع نے بتایا کہ پاک فوج نےکوروناکی مد میں ملی رقم میں سے 5 ارب روپے بچاکرحکومت کو واپس کیے جبکہ پاک فوج نے پروکیورمنٹ کی مد میں بھی ملی رقم سے 3.4 ارب روپے بچاکرقومی خزانےمیں دیے۔ ذرائع کے مطابق رواں سال دفاعی بجٹ قومی بجٹ کا صرف 16 فیصد ہے۔
