85

قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہو گا

اسلام آباد (ہاٹ لائن ) قومی اسمبلی کا ہنگامہ خیز اجلاس آج ہوگا جس میں وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر بحث کی جائے گی ۔ وزیر اعظم کے خلاف قومی اسمبلی میں 28 مارچ کو عدم اعتماد کی تحریک جمع کرائی جا چکی ہے ، قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وزیر اعظم ایوان کا اعتماد کھونے کے باعث وزارت عظمیٰ کے
منصب پر مزید فائز نہیں رہ سکتے ۔ آج کے اجلاس میں قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بحث کا آغاز کریں گے ۔ خیال رہے کہ عدم اعتماد کی تحریک میں حکومت یا اپوزیشن جس کے بھی 172 ووٹ ہو گئے وہ کامیاب ہو جائے گا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ق) کے علاوہ وزیر اعظم کے تمام اتحادی ساتھ چھوڑ کر اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ بیٹھ چکے ہیں جو کہ حکومت کیلئے شدید پریشان کن بات ہے ۔ تحریک عدم اعتماد پر بظاہر متحدہ اپوزیشن نے اپنے ووٹ پورے کرلیے ہیں ۔ حکومت کی اتحادی جماعتیں بلوچستان عوامی پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ارکان نے بھی عمران خان کے خلاف ووٹ دینے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد اپوزیشن کی نمبر گیم 177 ہوگئی ہے جب کہ تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کیلئے 172 ووٹ درکار ہیں۔ اگر تحریک انصاف کے منحرف ارکان کو بھی شامل کرلیا جائے تو متحدہ اپوزیشن کے ارکان کی تعداد 199 بن جاتی ہے۔ خیال رہے کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے 28 مارچ کو قومی اسمبلی میں وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی تھی۔ ڈپٹی سپیکر قاسم سوری نے تحریک پیش ہونے کے بعد اجلاس 31 مارچ کو شام چار بجے تک ملتوی کردیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں