فضل الرحمان نےنیافارمولاپیش کردیا

0
74

ہاٹ لائن نیوز : جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیاسی جماعتوں کو سیاسی ماحول اور جمہوریت کو مضبوط کرنے کا مشورہ دے دیا۔

مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے لیے جگہ پیدا کریں، وقت آگیا ہے کہ سیاستدان اور سیاسی جماعتیں پختگی کا مظاہرہ کریں، سیاسی اسپیس ضروری ہے، اختلافات کے باوجود سیاسی رائے و گنجائش پیدا کریں ۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سیاسی منشور، سیاسی موقف دینے کا حق سب کو ہے لیکن پہلی ترجیح پارلیمنٹ کی بالادستی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ آصف علی زرداری اور بھٹو خاندان سے سیاسی اختلافات کے باوجود ہمارے پرانے تعلقات ہیں، ہم ایک دوسرے کی خوشی اور غم میں شریک ہوتے ہیں، سیاسی انتشار اور خلفشار سے نہ تو جمہوریت مضبوط ہوگی اور نہ ہی ملکی مسائل حل ہوں گے۔ کسی ایک جماعت کو نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کو آپس میں جگہ بنانے کا فائدہ ہوگا۔

جے یو آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ سیاست دان کسی سے مختلف رائے یا موقف کا حامل ہوسکتا ہے لیکن اسے سیاسی انتشار کا شکار نہیں ہونا چاہیے، جمہوریت کی مضبوطی ضد اور ہٹ دھرمی میں نہیں بلکہ جمہوری رویوں کی مضبوطی میں ہوتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اس وقت پاکستان اور امت مسلمہ دونوں کئی مسائل سے دوچار ہیں، پاکستان کے مسائل کا حل کسی ایک فرد یا جماعت کے پاس نہیں، معاشی ترقی اور استحکام سیاسی اور اندرونی استحکام سے جڑا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بدقسمتی سے خود سیاستدانوں کی وجہ سے ماضی اور حال میں جمہوریت کے لیے مشکلات آئیں، اب ہمیں اس سے نمٹنا ہے، ماضی کے بارے میں سب جانتے ہیں لیکن اب ہمیں سیاسی گنجائش کےفارمولے کیساتھ آگے بڑھنا ہے۔

Leave a reply