غزہ کےحالات نے اسلام کے قریب کردیا
ہاٹ لائن نیوز : سوشل میڈیا پر معصوم فلسطینیوں کی آواز بننے والی پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ وہ غزہ کی صورتحال دیکھ کر اسلام سے قریب ہوگئی ہیں اور اب قرآن پاک پڑھ رہی ہیں ۔
اشنا شاہ حال ہی میں صحافی ملیحہ رحمان کے پوڈ کاسٹ پر نظر آئیں جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، شادی شدہ زندگی، پاکستانی ڈراموں اور فلسطین کے بارے میں بات کی۔
اپنے کیرئیر کے نقصان کی فکر کیے بغیر سوشل میڈیا پر فلسطین کے حق میں بولنے کے بارے میں اشنا شاہ نے کہا کہ مجھے معلوم تھا کہ جب میں اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں بولوں گی تو ملٹی نیشنل کمپنیاں سب سے پہلے ہوں گی۔
مجھے پراجیکٹس دیے جانے سے روک دیا جائے گا اور مجھ پر انسٹاگرام پر پابندی عائد کر دی جائے گی۔
اشنا شاہ نے کہا کہ میں نے اپنا بچپن کینیڈا میں گزارا اور میرا منصوبہ کینیڈا جا کر وہاں کام کرنا تھا کیونکہ میرا ہمیشہ سے خواب تھا کہ میں بیرون ملک جا کر کام کروں لیکن اس وقت غزہ میں ایک کشیدہ صورتحال ہے جس کی وجہ سے میں کینیڈا جانے کا اپنا فیصلہ بدل لیا ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ ہم اسلام سے دور ہوتے جارہے تھے لیکن غزہ کی وجہ سے میں اور دیگر مسلمان بھی اسلام کے قریب آگئے ہیں جب کہ کئی غیر مسلموں نے بھی اسلام قبول کرلیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں نے فلسطین کے حالات دیکھ کر عمرہ کرنے کا فیصلہ کیا اور اب عمرہ کرنے کے بعد میں انگریزی میں قرآن پاک کا ترجمہ پڑھ رہی ہوں۔
عمرے کے دوران عبایہ پہننے کے بارے میں بات کرتے ہوئے اشنا شاہ نے کہا کہ مجھے عبایہ اور حجاب بہت پسند ہیں، ہم انہیں پہن کر اپنے مذہب اسلام کی نمائندگی کرتے ہیں اور میں اپنے مذہب کی نمائندگی کرتے ہوئے فخر محسوس کرتی ہوں۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ ’میں عبایا اور حجاب پہن کر بہت خوش ہوں لیکن میں یہ دعویٰ نہیں کرسکتی کہ میں اب حجابی بنوں گی کیونکہ یہ میرے اور میرے رب کے درمیان کا معاملہ ہے۔