بیورو رپورٹ چنیوٹ
ڈپٹی کمشنر کیپٹن(ر)ندیم ناصر نے احمد نگر تحصیل لالیاںکا دورہ کیا اور کسانوں کو سرکاری ریٹ 1850 روپے فی بوری کے حساب سے یوریا کھادکی تقسیم کے عمل کاجائزہ لیا ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ضلع میں یونین کونسل کی سطح پر یوریا کھاد کی شفاف تقسیم کے لئے 39 سیل پوائنٹس مکمل انداز میں فنکشنل ہیں جہاں1850 روپے فی بوری کے حساب سے یوریا کھاد فروخت کی جا رہی ہے ۔ڈپٹی کمشنر نے مزید بتایا کہ تمام پوائنٹس پر محکمہ زراعت،لوکل گورنمنٹ اور پٹواریوں کو ڈیوٹیاں تفویض کی گئی ہیں جو کھاد کی دستیابی وفروخت کا مکمل ریکارڈ مرتب اور کھاد کی حقیقی کاشتکاروں کو فروخت یقینی بنارہے ہیں، آخر میں انہوں نے بتایا کہ میں خود ،اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر انتظامی افسران کھاد کی فروخت کے عمل کی چیکنگ کے لئے متحرک ہیں۔
اس کے ساتھ ساتھ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر)ندیم ناصر کی صدارت میں منعقد ہوا ،اجلاس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کے لئے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا،، ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ چیک پوسٹوں پرگندم وآٹا کی سمگلنگ روکنے کے پولیس،زراعت،ریونیو اور لائیو سٹاک کے آفیشلز کی ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ اسسٹنٹ کمشنرز کو صبح کے وقت سبزی منڈیوں کے دورے کرکے پھلوں وسبزیوں کی بولیوں کے عمل کی مانیٹرنگ کی واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد ارشدودیگر افسران اور تاجر نمائندگان بھی موجود تھے ،ڈپٹی کمشنر نے پرائس کنٹرول میکنزم پر عملدرآمد کا بھی جائزہ لیا اور کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائے گا۔
