اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف نے کہا ہے کہ صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر تشویش ہے۔
تفصیلات کے مطابق راجا پرویز اشرف نے قومی اسمبلی میں بات کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر تشویش ہے، ان واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف سخت اقدامات کٸے جانے چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے اقدامات پر وزیر پارلیمانی امور آگاہی فراہم کرے، حکومت اس حوالے سے سخت ایکشن لے، اس معاملہ پر رپورٹ اسپیکر کو دی جائے، جرنلسٹ پروٹیکشن بل کمیٹی کو بھیجا جائے۔
اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کا مزید کہنا تھا کہ حکومت وقت کا اہم ترین فریضہ صحافیوں کو تحفظ دینا ہے، امید ہے حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے گی، نوشین یوسف کے واقعہ کے ذمہ داروں کے خلاف کاروائی ہونا چاہیئے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا کی آزادی بہت اہمیت کی حامل ہے، ہمارے صحافیوں کو عالمی اداروں کے مطابق خطرات کا سامنا ہے، ہمیں اگر صحافی کی بات پسند نہیں تو یہ مطلب نہیں کہ ان کو دبائیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں صحافیوں کے حقوق کے لئے کام کرنا چاہئے، ہمارے صحافی اٹھائے بھی گئے، ان پر حملے بھی ہوئے، ان کے قتل بھی ہوئے، صحافت کا مقید ہونا درست نہیں، صحافیوں کا رائٹ ٹو انفارمیشن رکنا نہیں چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ صحافت کو مکمل آزاد ہونا چاہئیے، صحافی اپنی اکاونٹیبیلیٹی خود کرسکتے ہیں۔