ہاٹ لائن نیوز: ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پولیس چھاپے کے دوران مزاحمت پر پولیس کی فائرنگ سے لڑکی جاں بحق ہو گئی۔
تفصیلات کے مطابق چٹیانہ میں پولیس نے شادی والے گھر پر چھاپہ مارا۔ پولیس نے موقف اختیار کیا کہ چھاپہ جرائم پیشہ افراد کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔
پولیس کے مطابق کانسٹیبل نے مزاحمت پر فائرنگ کردی جس سے لڑکی جاں بحق ہوگئی۔ دوسری جانب ڈی پی او نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے انکوائری کا حکم دے دیا۔
بعد ازاں لواحقین نے پولیس کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے شورکوٹ روڈ بلاک کر دی۔ ریسکیو ٹیم نے لاش کو اسپتال منتقل کردیا۔
ورثاء نے بتایا کہ ہمارے گھر میں شادی کی تقریب تھی اور پولیس نے ان پر ظلم کیا۔ پولیس کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور ملزمان میں ایس ایچ او، اے ایس آئی، کانسٹیبل اور ڈرائیور شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ باقی کی گرفتاری جلد عمل میں لائی جائے گی۔ پوسٹ مارٹم کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔