ہاٹ لائن نیوز : امتحانی سنٹر لاہور بورڈ کی عمارت پر قبضے کا معاملہ ؛ توہین عدالت کی درخواست پر سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب ساجد ڈار اور سیکرٹری لاہور بورڈ ڈاکٹر بشری کو نوٹس جاری کر دیا گیا ۔
عدالت نےدونوں افسران کو دو ہفتوں میں جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے ، جسٹس شاہد کریم نے پنجاب ٹیچرز یونین کے صدر کاشف شہزاد کی درخواست پر سماعت کی ، درخواستگزار کی طرف سے میاں داؤد ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔
میاں داؤد ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے 27 جون کو امتحانی سنٹر کی عمارت کے استعمال بابت حکم امتناعی دیا، حکم امتناعی کےباوجود امتحانی سنٹر کو گیارہویں اور بارہویں کے امتحانات کیلئے استعمال نہیں ہونے دیا گیا، حکم امتناعی کی خلاف ورزی میں سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن اور سیکرٹری لاہور بورڈ ملوث ہیں، دونوں افسران پہلے بھی چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان کے دبائو پر عدالتی حکم کی خلاف ورزی کر چکے ہیں، چیف سیکرٹری سمیت تینوں افسران کیخلاف پہلی توہین عدالت بھی زیر سماعت ہے ، لاہور ہائیکورٹ کے حکم کی مسلسل خلاف ورزی کی جا رہی ہے ۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ لاہور ہائیکورٹ سیکرٹری لاہور بورڈ ڈاکٹر بشری اور سیکرٹری محکمہ ہائر ایجوکیشن ساجد ڈار کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کرے ۔