ہاٹ لائن نیوز : سٹی ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) لاہور عمارہ اطہر نے نیو ائیر نائٹ کے حوالے سے والدین اور ون ویلرز کے لیے خصوصی پیغام جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نیو ائیر نائٹ پر ون ویلرز، ہلڑبازوں اور بغیر سلنسر موٹر سائیکل سواروں کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔
سی ٹی او نے ون ویلرز اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مقدمات درج کرنے کا حکم دیا ہے۔
سی ٹی او لاہور کا کہناہےکہ والدین اپنےبچوں پر خصوصی نظررکھیں۔
سی ٹی او لاہور نے خبردار کیا کہ فیملیز سے بدتمیزی کرنے والے سیدھے حوالات میں جائیں گے۔
اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ نیو ایئر نائٹ کے لیے لیڈی ٹریفک وارڈنز کا خصوصی سکواڈ بھی تیار کر لیا گیا ہے جو مال روڈ، جیل روڈ اور مین بلیوارڈ گلبرگ میں تعینات رہے گا۔
عمارہ اطہر نے کہا کہ نئے سال کی رات ون ویلنگ اور ہنگامہ آرائی روکنے کے لیے 90 مقامات پر خصوصی گیٹ لگائے جائیں گے۔ کم عمر ڈرائیوروں کو موٹر سائیکلوں، کاروں کے ساتھ تھانے میں بھی روکا جائے گا۔