ہاٹ لائن نیوز : پشاور میں پولیس افسران اور اہلکاروں پر سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
ایس ایس پی آپریشنز پشاور کاشف آفتاب عباسی نے سوشل میڈیا پالیسی کے حوالے سے تمام پولیس افسران کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پولیس افسران اور اہلکار مختلف نان آفیشل واٹس ایپ گروپس اور سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز استعمال کر رہے ہیں ۔
خط میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹی اور سنسنی خیز خبریں پھیلا کر پولیس کے مورال کو متاثر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، اس سلسلے میں پولیس سوشل میڈیا پلیٹ فارمز اور غیر سرکاری واٹس ایپ گروپس سے خود کو الگ کرے۔ خط میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی نگرانی کی ذمہ داری پولیس کے آئی ٹی اے عملے کو سونپی گئی ہے۔
پولیس افسران اور اہلکاروں کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر کوئی بھی مواد شیئر نہ کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ صرف پولیس ترجمان ہی میڈیا کی معاونت کرے گا ، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پولیس افسران اور اہلکاروں کی سرگرمیوں پر نظر رکھی جائے گی ۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔