پنجاب بھر میں سموگ کے باعث بیماریوں میں خطرناک اضافہ ہوگیا، ایک ماہ کے دوران لاکھوں افراد مختلف بیماریوں میں مبتلا ہوکر اسپتال پہنچ گئے۔
محکمہ صحت کے مطابق پنجاب بھر میں سموگ نے مریضوں کی تعداد میں تشویشناک حد تک اضافہ کردیا، آلودگی اور گرد و غبار سے چار بیماریوں کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا، پنجاب بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران 68412 مریض رپورٹ ہوئے۔
محکمہ صحت پنجاب کے مطابق نزلہ، فلو اور کھانسی کے 61918 مریض رپورٹ ہوئے، سانس کی تکلیف کے 4250 مریض رپورٹ ہوئے، امراض قلب کے 1627 اور فالج کے 210 مریضوں کو طبی امداد دی گئی، اس کے علاوہ 407 افراد آنکھوں کے امراض میں مبتلا ہوئے ۔