سرسوں کے تیل میں چھپے قدرتی فوائد
ہاٹ لائن نیوز: سرسوں کا تیل صدیوں سے کھانا پکانے میں استعمال ہوتا رہا ہے۔ ہمارے گھروں میں سرسوں کے تیل کو کڑوا تیل بھی کہا جاتا ہے۔ رایا اور دیسی سرسوں میں ایک خاص قسم کے تیزابی مادے کی کثرت ہونے کی وجہ سے یہ تیل کڑوا اور ذائقہ میں ناگوار ہوتا ہے جو کھانے میں کڑواہٹ کا باعث بنتا ہے اس لیے کھاتے وقت چہرے پر بیزاری کے تاثرات آنا کوئی معمولی بات نہیں۔
جدید سائنسی تحقیق اور زرعی ترقی کی بدولت اجناس کے بیجوں میں بھی مفید پیش رفت ہو رہی ہے۔ نئی اقسام کے بیجوں کی دریافت اور ایجاد سے فصل کی پیداوار اور معیار میں بہت بہتری آ رہی ہے۔ گوبھی سرسوں یا کینولا کے تیل میں تیزابیت بہت کم ہوتی ہے جو اسے پکانے کے لیے بہترین تیل بناتا ہے۔
صحت کی بات کی جائے تو سرسوں کی سب سے زیادہ انسان دوست جنس ہے جو کہ انسانی صحت کا بہترین محافظ بھی ہے۔ سرسوں کے تیل میں غیر سیر شدہ چکنائی ہوتی ہے۔ غیر سیر شدہ چربی ایسی چربی ہوتی ہے جو انسانی جسم کی حرارت سے پگھلتی ہے اور خون کو جمنے سے روکتی ہے۔ یہ شریانوں کو نرم رکھتا ہے اور خون کے بہاؤ کو متوازن رکھنے میں مدد کرتا ہے۔
دل کے امراض، ذیابیطس، بلڈ پریشر، جگر کے امراض اور اعصابی امراض میں مبتلا مریضوں کے لیے سرسوں کا تیل خالق کائنات کی نعمت سے کم نہیں۔ سرسوں کے تیل میں ہلکی سے ناگوار بو ہوتی ہے جو اکثر کھاتے وقت محسوس ہوتی ہے۔
سرسوں کے تیل سے ناگوار بو دور کرنے کے لیے 5 لیٹر سرسوں کے تیل میں 50 گرام ادرک ڈال کر تیل کو آگ پر ابال لیں۔ تیل کو صاف اور محفوظ رکھیں۔ اب تیل کا ناگوار ذائقہ ختم ہو گیا ہے اور تیل میں تیار ہونے والے کھانے میں کوئی ناگوار بو محسوس نہیں ہوگی۔