سردار اختر مینگل کو الیکشن لڑنے کی اجازت مل گئی

0
209

ہاٹ لائن نیوز : الیکشن ٹریبونل نے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل گروپ کے سربراہ سردار اختر مینگل کو قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264 سے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔

کوئٹہ میں بلوچستان ہائی کورٹ کے جج جسٹس محمد ہاشم کاکڑ کی سربراہی میں ٹربیونل نے بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے کاغذات نامزدگی اقامہ کی بنیاد پر مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل کی سماعت کی۔

سماعت کے موقع پر سردار اختر مینگل کے وکیل ساجد ترین اور جواد احمد ٹربیونل میں پیش ہوئے۔

ساجد ترین نے کہا کہ سردار اختر مینگل نے سفری مقاصد کے لیے اقامہ حاصل کیا، انہیں اقامہ سے کوئی مالی فائدہ نہیں ہوا۔

اپیلٹ ٹربیونل نے استفسار کیا کہ کیا سردار اختر مینگل کے اقامہ کے ساتھ ملازمت کے ثبوت ہیں؟ جس پر ان کے وکلا کا کہنا تھا کہ سردار اختر مینگل کی اسٹیبلشمنٹ کے ذریعے تنخواہ یا مالی فائدہ کا کوئی ثبوت نہیں ہے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ سردار اختر مینگل نے اپنے کاغذات نامزدگی میں اقامہ کا ذکر نہیں کیا جو بدنیتی کے زمرے میں آتا ہے۔

بی این پی سربراہ کے وکیل کا کہنا تھا کہ دیگر سیاسی رہنماؤں کو بھی عہدے ملے لیکن انہیں الیکشن کے لیے اہل قرار دیا گیا ہے۔

دلائل کے بعد الیکشن ٹربیونل کے جج جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے این اے 264 سے سردار اختر مینگل کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دے دی۔

یاد رہے کہ بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل کو متحدہ عرب امارات کے اقامہ رکھنے پر نظرثانی افسر نے نااہل قرار دیا تھا۔

Leave a reply