ہاٹ لائن نیوز : ڈیرہ غازی خان کی سرحدی چوکی پر خوارجی دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق خوارجی دہشت گردوں نے رات گئے ڈیرہ غازی خان میں تھانہ واہوا کی لاکھانی بارڈر پوسٹ پر حملہ کیا۔ 50 سے 60 خارجی دہشت گردوں نے چیک پوسٹ پر چاروں اطراف سے حملہ کیا۔
ترجمان کے مطابق خارجی دہشت گردوں کی شناخت تھرمل امیج کیمروں کی مدد سے کی گئی۔ پولیس اہلکاروں نے فوری طور پر مشین گنوں اور مارٹر گنوں سے جوابی فائرنگ کی۔ پولیس کی شدید فائرنگ سے دہشت گرد پسپا ہو کر فرار ہونے پر مجبور ہو گئے۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انور نے دہشت گردوں کے حملے کو پسپا کرنے والی پولیس ٹیم کو مبارکباد دی۔ پوسٹ پر تعینات اہلکاروں کو بہادری کے تمغے، تعریفی اسناد اور نقد انعامات دیے جائیں گے۔