روسی صدربھی میدان میں آگئے
لاہور: (ہاٹ لائن نیوز) روس کے صدر ولادی میر پیوٹن نے اسرائیل اور حماس کی جھڑپوں میں ثالثی کی پیشکش کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ فلسطین کی سرزمین فلسطینیوں کا ہے اور انہیں آزاد ریاست کا مکمل حق حاصل ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے حماس اسرائیل جھڑپوں سے پیدا ہونے والی کشیدگی کو کم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا چاہیے جس کے لیے ہم ثالث کا کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔
واضح رہے کہ روس کے اسرائیل اور فلسطین کے ساتھ یکساں دوستانہ تعلقات کی تاریخ ہے اور وہ حماس اور اسرائیل کے درمیان مفاہمت میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
ولادیمیر پوتن نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ فریقین جنگ کو طول دینے کے بجائے باہمی طور پر قابل قبول امن مذاکراتی حل کی طرف آئیں گے۔ جنگ کے پھیلاؤ کو ہر قیمت پر روکنا وقت کی اہم ضرورت ہے ورنہ اس سے بین الاقوامی حالات متاثر ہوں گے۔
اسی طرح روسی صدر نے ایک اور انٹرویو میں کہا کہ فلسطینی جس سرزمین پر رہتے ہیں وہ تاریخی طور پر ان کی اپنی سرزمین ہے۔ فلسطینیوں کو اپنی آزاد ریاست قائم کرنے کا پورا حق حاصل ہے۔