58

رواں سال رمضان المبارک کا آغاز اور عید الفطر ایک ہی دن منانے کی کوششیں۔۔ بڑا اقدام اٹھا لیا گیا

پشاور (ہاٹ لائن) رواں سال ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان المبارک کے آغاز اور عید منانے کی کوششیں، مرکزی رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کا اجلاس ایک جگہ منعقد کروائے جانے کا امکان۔ تفصیلات
کے مطابق ماہ رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اپریل کو پشاور میں طلب کرلیا گیا ہے۔اجلاس کی صدارت چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے، اجلاس محکمہ اوقاف پشاورکی عمارت میں ہو گا۔ رویت ہلال کی زونل کمیٹیوں کے اجلاس اپنے اپنے مقامات پر ہوں گے اور اسلام آباد میں زونل کمیٹی کا اجلاس وزارت مذہبی امور میں ہوگا۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق رواں سال ملک بھر میں ایک ہی دن رمضان المبارک کے آغاز اور عید منانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، اس حوالے سے کمشنر پشاور رویت ہلال کمیٹی اور مسجد قاسم علی خان کی مقامی کمیٹی کا اجلاس ایک ہی مقام پر منعقد کروانے کیلئے کوشاں ہیں۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ہفتہ 2 اپریل کو رمضان المبارک کا چاند نظر آنے کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا پہلا روزہ اتوار 3 اپریل کو ہوگا۔ رویتِ ہلال ریسرچ کونسل کے سیکرٹری جنرل خالد اعجاز مفتی نے کہا ہے کہ ملک میں پہلاروزہ اتوار 3اپریل اور عیدالفطر 3مئی کوہوگی۔انہوں نے کہا کہ نئے چاند کی پیدائش یکم اپریل کو دن گیارہ بجکر 24منٹ پر ہو گی، 29 شعبان 2 اپریل کی شام غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر کم از کم 19 گھنٹے ہونی چاہیے، پاکستان کے اکثر علاقوں میں 31 گھنٹوں سے بھی زائد ہو چکی ہوگی۔ریسرچ کونسل کے مطابق غروبِ شمس اور غروب قمر کے درمیان فرق مظفر آباد، گلگت اور پشاور میں 70 منٹ، راولپنڈی ، اسلام آباد 69 ، لاہور 68 ، کوئٹہ 69 ، کراچی میں 67 منٹ ہو گا جس علاقے میں بھی مطلع صاف ہو گا۔ہلال کی رویت باآسانی ہو جائے گی اور رمضان المبارک کا آغاز اتوار 3 اپریل سے ہو گا ، شوال کا چاند ہفتہ 30 اپریل اور اتوار یکم مئی کی درمیانی رات ایک بجکر 28پر پیدا ہو گا۔ریسرچ کونسل کے مطابق یکم مئی 29 رمضان المبارک کی شام غروبِ آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر پاکستان کے تمام علاقوں میں 18 گھنٹوں سے بھی کم ہو گی، نیز غروبِ شمس اور غروبِ قمر کا درمیانی فرق 40 منٹ سے کم ہوگا لہٰذا پاکستان میں ہلال کی رویت اس شام ٹیلی اسکوپ سے بھی ممکن نہیں ہو گی۔اِس طرح یکم شوال المکرم یعنی عید الفطر 30 روزے مکمل کرنے کے بعد منگل 3 مئی کو ہوگی۔قبل ازیں محکمہ موسمیات نے بھی پہلا روزہ 3اپریل کو ہونے کی پیش گوئی کی تھی۔پاکستان میں رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 2 اپریل (29 شعبان) بروز ہفتہ کو ہوگا۔ اگر چاند نظر آیا تو پہلا روزہ 3 اپریل ورنہ 4 اپریل کو ہوگا۔محکمہ موسمیات کے بیان کے مطابق رمضان کے نئے چاند کی پیدائش یکم اپریل کو ہوگی۔اس بات کا قوی امکان ہے کہ 2 اپریل یعنی 29 شعبان کو رمضان المبارک کا چاند نظر آجائے گا۔یعنی رمضان المبارک کا آغاز ممکنہ طور پر 3 اپریل کو ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں