دیوہیکل مچھلی کی دریافت
نیویارک: ( ہاٹ لائن نیوز) امریکہ میں کنیکٹی کٹ کے لانگ آئی لینڈ ساؤنڈ سے وائلڈ لائف کے عملے کی طرف سے 400 پاؤنڈز وزنی “اسٹنگرے مچھلی” پکڑ لی گئی ہے جس کی تصویر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ کنیکٹیکٹ فش اینڈ وائلڈ لائف کے عملے نے لانگ آئی لینڈ ساؤنڈ سے 5 فٹ چوڑی اور 6 فٹ سے زیادہ لمبی اور تقریباً 400 پاؤنڈ وزنی ایک دیوہیکل “اسٹنگرے مچھلی” پکڑ لی ہے۔
کنیکٹیکٹ فش اینڈ وائلڈ لائف نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر “اسٹنگرے مچھلی” کی تصویر شیئر کی اور کہا ہے کہ ہمارے عملے نے کنیکٹی کٹ کے لانگ آئی لینڈ ساؤنڈ سے جال کی مدد سے 400 پاؤنڈ وزنی ایک دیوہیکل “اسٹنگرے مچھلی” پکڑی ہے۔
اُنہوں نے فیس بُک پوسٹ میں مزید کہا کہ “اسٹنگرے مچھلی” انگلینڈ سے فلوریڈا تک کے ساحل پر پائی جاتی ہیں البتہ لانگ آئی لینڈ ساؤنڈ میں یہ انتہائی نایاب ہیں، ہمارے عملے نے اس مچھلی کی پیمائش کرکے اسے فوری طور پر پانی میں واپس چھوڑ دیا تھا تاکہ اس دیوہیکل “اسٹنگرے مچھلی” کو زندہ اور تیرتے ہوئے دیکھا جا سکے۔
اس کے علاؤہ کنیکٹیکٹ فش اینڈ وائلڈ لائف کے عملے نے ایک “کوبیا مچلی” بھی پکڑی جس کو اُنہوں نے ایک بڑی شکاری مچھلی قرار دیا ہے، اس قسم کی مچھلی 6 فٹ سے زیادہ لمبی ہوتی ہے اور اس کا وزن کم از کم 150 پاؤنڈ تک بڑھنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔
جاری کردہ پوسٹ میں مزید بتایا گیا کہ اگرچہ یہ مچھلی پورے بحر اوقیانوس میں اکثر مقامات پر پائی جاتی ہے لیکن وہ میری لینڈ اور ڈیلاویئر میں سب سے زیادہ پائی جاتی ہیں۔