دو پاکستانی فلموں کو بین الاقوامی ایوارڈز مل گئے
ہاٹ لائن نیوز : سال 2023 پاکستانی سینما کے لیے عالمی سطح پر اپنی شناخت بنانے کا سال رہا اور کئی پاکستانی فلموں کو مختلف بین الاقوامی اعزازات سے نوازا گیا۔
ایوارڈز اور تعریفوں کی یہ دوڑ ختم نہیں ہوئی اور اب پاکستانی فلمساز ضرار خان کی فلم ‘ان فلیمز’ اور سرمد کھوسٹ کی فلم ‘کملی’ نے کامیابی کے مزید جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔
ضرار خان نے انسٹاگرام پر اپنے مداحوں کو یہ خوشخبری سنائی کہ ان کی فلم ‘ان فلیمز’ نے انٹرنیشنل فلم فیسٹیول مین ہائیم ہائیڈلبرگ میں ‘انٹرنیشنل نیوکمر’ کا ایوارڈ جیت لیا ہے۔
فلم ڈائریکٹر نے پوسٹ کے ساتھ ‘ان فلیمز’ کی تعریف کرتے ہوئے فلم پر فیسٹیول کی جیوری کا ایک بیان بھی منسلک کیا۔
دوسری جانب سرمد کھوسٹ کی فلم ‘کملی’ نے منسک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول میں تین ایوارڈز اپنے نام کیے ہیں۔
اداکارہ صبا قمر نے بہترین اداکارہ کا ایوارڈ، سرمد کھوسٹ نے بہترین ہدایت کار کا ایوارڈ جیتا جب کہ فلم نے ناظرین کی پسند کا ایوارڈ حاصل کیا۔