خطرناک گروہ کاسرغنہ گرفتار
لاہور: ( ہاٹ لائن نیوز) بھاری رقوم لے کر جعلی ویزوں پر بیرون ملک بھجوانے والے گروہ کا سرغنہ گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے نے اٹلی ، متحدہ عرب امارات اور دیگر ممالک کے جعلی ڈاک ٹکٹ، وزارت داخلہ کے خطوط اور بیرون ممالک کی امیگریشن کے ڈاک ٹکٹوں سمیت دیگر جعلی دستاویزات بھیجنے والے گروہ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔
اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل لاہور کی انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں ، جس کیمطابق ڈائریکٹر لاہور زون کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر ریاض خان کی زیر نگرانی ایک ٹیم نے لاہور سے انسانی سمگلر علی رضا بھٹی کو گرفتار کر لیا۔ ملزمان نے بیرون ملک امیگریشن اور ملازمت کے نام پر لاکھوں روپے بٹورے ہیں ۔
ملزم معصوم شہریوں سے بھاری رقوم وصول کرنے کے بعد جعلی ویزے اور رہائشی کارڈ فراہم کرتا تھا۔ ملزم جعلی سرکاری دستاویزات بنانے میں بھی ملوث تھا، جس کے قبضے سے وزارت داخلہ اور پروٹیکٹر آفس کی جعلی مہریں، بیرون ملک روانگی اور آمد کی جعلی مہریں، پاکستان، اٹلی، متحدہ عرب امارات کے سفارت خانوں کی جعلی مہریں برآمد ہوئی ہیں۔ . ملزمان کے قبضے سے ایف آئی اے اور پنجاب پولیس کی متعدد جعلی مہریں بھی برآمد ہوئیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔