خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ، کیا فیصلے متوقع
اسلام آباد: (ہاٹ لائن نیوز) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج نگراں وزیراعظم انور الحق کاکڑ کی زیر صدارت ہوگا۔
اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں سول اور عسکری حکام شرکت کریں گے، جس میں سرمایہ کاری کے اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔
ایکسپریس ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق، حکومت نے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے دائرہ کار کو ملک کے اقتصادی ایجنڈے تک بڑھا دیا ہے، جس کا مقصد مقامی سرمایہ کاروں کو درپیش مسائل کو حل کرتے ہوئے معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔
ایگزیکٹو کمیٹی کے پانچویں اجلاس کے ایجنڈے نے ظاہر کیا کہ کونسل کا مینڈیٹ اب فوری فیصلہ سازی کے ذریعے غیر ملکی سرمایہ کاری کو آسان بنانے تک محدود نہیں ہے۔
سول ملٹری کی زیر قیادت مشترکہ فورم کے دائرہ کار میں اب مختلف وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ، سرمایہ کاروں اور سرکاری محکموں کے درمیان تنازعات کا حل، مختلف شعبوں میں گیس کی تقسیم، بڑے میٹروپولیٹن علاقوں کے لیے واٹر سپلائی اسکیمیں، ریوولنگ کریڈٹ اور تیل کی اسمگلنگ کو روکناشامل ہیں۔
اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی نجکاری اور غیر ملکی سفارتی مشنز کی کارکردگی پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ایگزیکٹو کمیٹی نے اس ہفتے دو روزہ اجلاس منعقد کیا، جس میں ایگزیکٹو کمیٹی نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پیشکش کے لیے سرمایہ کاری کی سہولت کونسل کی جانب سے شارٹ لسٹ کیے گئے منصوبوں کے نفاذ کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم شہباز شریف نے فوج کے مشورے پر انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل قائم کی تھی جس کا مقصد خلیج ممالک سے بیرونی سرمایہ کاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنا تھا۔