حکومت کو چاہیے کہ لانگ مارچ روکنے کے بجائے عزت سے گھر جانے کا راستہ ڈھونڈیں، حسان خاور 101

حکومت کو چاہیے کہ لانگ مارچ روکنے کے بجائے عزت سے گھر جانے کا راستہ ڈھونڈیں، حسان خاور

ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن و رہنما پاکستان تحریک انصاف حسان خاور نے کہا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ لانگ مارچ رو کنے کے بجائے عزت سے گھر جانے کا راستہ ڈھونڈیں۔

اپنے جاری کردہ بیان میں حسان خاور نے کہا کہ 25 مئی کو عوام کا سمندر اسلام آباد کی طرف رواں دواں ہوگا، اپنے لیڈر کی کال پر پی ٹی آئی کے کارکن اور عوام اسلام آباد پہنچیں گے۔

حسان خاور نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کا مقصد نااہل امپورٹڈ حکمرانوں کو گھر بھیج کر فوری الیکشن ہے، فوری اور شفاف انتخابات اس وقت ملک کی ضرورت ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ آئینی، سیاسی و معاشی بحران کا حل صرف اور صرف انتخابات ہی ہیں، حکومت کو چاہیے کہ لانگ مارچ رو کنے کے بجائے عزت سے گھر جانے کا راستہ ڈھونڈیں۔

حسان خاور نے کہا کہ لانگ مارچ روک کر یہ اپنے لیے ہی گھڑا کھودنا چاہتے ہیں، الیکشن میں مزید تاخیر ملکی معیشت کے لیے مزید نقصان کا باعث بن سکتی ہے۔

واضح رہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے 25 مئی کو اسلام آباد لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ اسمبلی تحلیل کریں اورالیکشن کااعلان کریں۔

پشاور میں کورکمیٹی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس میں لانگ مارچ کا فیصلہ کرلیا ہے ، حقیقی آزادی مارچ 25 مئی کو کیا جائے گا اور میں سری نگر ہائی وے پر دوپہر 3 بجے آپ سے ملوں گا، صرف پی ٹی آئی ورکرز کو نہیں بلکہ پوری قوم کودعوت دے رہا ہوں، سب خواتین کوبھی لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارامطالبہ ہے کہ اسمبلی تحلیل کریں اورالیکشن کا اعلان کریں اور اداروں نے کہا ہے کہ ہم نیوٹرل ہیں تو پھرنیوٹرل رہیں، ابھی بتارہا ہوں ، 2 دن پہلے انٹرنیٹ بند کردیا جائے گا جب کہ ہمارے پرامن مارچ میں رکاوٹ ڈالی گئی تو قانونی کارروائی کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں