حکومت کا چالیسواں پورا ہو گیا ہے، شیخ رشید 89

حکومت کا چالیسواں پورا ہو گیا ہے، شیخ رشید

شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت کا چالیسواں پورا ہو گیا ہے۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ٹوئٹر پر جاری ایک پیغام میں کہا ہے کہ حکومت کا چالیسواں پورا ہوگیا ہے، یہ آج اتحادی کہیں بھی کہ حکومت مدت پوری کرے گی تو نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہا کہ مرکز اور پنجاب میں صرف ایک ایک ووٹ کی اکثریت ہے، بلوچستان میں عدم اعتماد ہونے جارہی ہے، 24 گھنٹے میں پنجاب کے 25 ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو تبدیل کردیا گیا۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکمران عمران خان کے لانگ مارچ کا راستہ نہیں روک سکتے، سیاسی اندازے کے مطابق 31 مئی سے پہلے اہم فیصلے آسکتے ہیں، اہم فیصلوں کے لیے 2،4دن اوپر نیچے بھی ہو سکتے ہیں۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ نے نیب ،ایف آئی اے اوراے این ایف میں کیسز کے خاتمے کی سازش ناکام بنا دی، یہ لوگ تو آئے ہی تھے اپنے کیسز ختم کرنے کے لیے۔

انہوں نے کہا کہ ان کو عنقریب جیلوں کے منہ دیکھنے ہوں گے، پاک فوج کبھی اپنے شہریوں پر گولیاں نہیں چلائے گی، پاک فوج ملکی معیشت تباہ ہوتے نہیں دیکھے گی، ایسا حل نکالا جائے گا کہ معاشی ،سیاسی اور انتظامی بحران سے نمٹنے میں معاون ثابت ہوگا۔

شیخ رشید نے کہا ہے کہ حکومت فوج کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوشش کررہی ہے، حکمرانوں کی کوشش ہے کہ نیشنل سیکیورٹی کونسل میں پیٹرول ،گیس اور بجلی کا مسئلہ ان سے حل کروائیں۔

سابق وزیرداخلہ نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے جو سوچا ہے ایسا کچھ نہیں ہوگا، حکمران اپنے ہی جال میں پھنس گئے ہیں، حکمرانوں نے جو کھڈا عمران خان کے لیے کھودا تھا اس میں خود گرگئے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں