
ہاٹ لائن نیوز : جعفرآباد میں بڑھتی ہوئی بدامنی کے خلاف جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) نے سندھ ، بلوچستان ، پنجاب کو ملانے والی قومی شاہراہ بلاک کرنے کی دھمکی دے دی۔
ضلعی امیر جے یو آئی مولانا عبدالاحد قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ اللہ یار سمیت جعفرآباد پولیس امن و امان برقرار رکھنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکو پولیس کی وردی اور گاڑی کا استعمال کرتے ہوئے جمعیت کے کارکن عبدالمجید کے گھر میں داخل ہوئے، اہل خانہ کو یرغمال بنا کر تشدد کا نشانہ بنایا اور گن پوائنٹ پر نقدی اور زیورات چھین کر فرار ہوگئے۔
جے یو آئی کے رہنما نے کہا کہ پولیس صرف اپنا ایجنڈا بنانے میں مصروف ہے، عوام کے جان و مال کا تحفظ ان کی ترجیحات میں شامل نہیں۔ملزمان کو گرفتار نہ کیا گیا تو 21 دسمبر کو قومی شاہراہ بلاک کر دی جائے گی۔