وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے یوم تکبیر پر “نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے” کا عنوان جاری کردیا ہے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی طرز پر یوم تکبیر ملک بھر میں قومی جذبے سے منایا جائے۔
وزیراعظم نے وفاق، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے ساتھ مل کر تقریبات کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔
یوم تکبیر پر قومی تقریبات منانے کا آغاز 19 مئی سے ہوگا ،28 مئی 1998 قومی افتخار اور پاکستان کے اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کی خاطر کبھی نہ جھکنے کی عظیم تاریخ کا دن ہے۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ محمد نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا، اب معاشی قوت بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ وہ تاریخی دن ہے جب بیرونی طاقتوں کے دباؤ اور دھمکیوں یو کے باوجود قومی قیادت نے دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔
وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر یوم تکبیر کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، تعلیمی اداروں، طالب علموں اور نوجوانوں کو خاص طور پر ان تقریبات کا حصہ بنایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں، وکلاء، ڈاکٹر، میڈیا، محنت کش، سول سوسائٹی تنظیموں سمیت معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی دن کو قومی جذبے کے ساتھ منائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ میڈیا سے درخواست ہے کہ یوم تکبیر کے لئے خصوصی نشریات، پروگرامز اور تحریروں کے اہتمام سے اس قومی دن کی تقریبات میں اپنا حصہ ڈالیں۔