بیوی کے سامنے انکل کیوں کہا ؟ شوہر کا دکاندار پر تشدد
ہاٹ لائن نیوز : بھارتی ریاست مدھیہ پردیش میں ایک شخص نے دکاندار کو محض اس لیے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا کہ وہ اسے بیوی کے سامنے انکل کہہ گیا ۔
یہ واقعہ مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال میں وشال شاستری ساڑھی کی دکان کا ہے۔ انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق وشال اپنی دکان میں روہت اور اس کی بیوی کو ساڑیاں دکھا رہا تھا۔
جب انہیں کچھ پسند نہ آیا تو وشال نے پوچھا کہ آپ کی قیمت کی حد کیا ہے؟ اس پر روہت نے کہا کہ وہ 1000 روپے تک کی ساڑھی خریدنا چاہتے ہیں۔
یہ سن کر وشال بولاانکل میں آپ کو سستی ساڑیاں بھی دکھا سکتا ہوں۔ وشال کے منہ سے انکل کا لفظ سن کر روہت اٹھا اور وشال کو خبردار کیا کہ یہ لفظ دوبارہ استعمال نہ کرے۔ دونوں نے اس پر بات شروع کر دی۔
جلد ہی معاملہ اس قدر بگڑ گیا کہ دونوں کے درمیان لڑائی ہونے کے قریب پہنچ گیا، لوگوں نے مداخلت کرکے انہیں بچایا۔ وشال نے روہت اور اس کی بیوی کو دکان سے باہرنکال دیا۔
روہت کچھ دیر بعد اپنے دوستوں کے ساتھ آیا جنہوں نے وشال کو لاٹھیوں سے مارا۔ وہ شدید زخمی ہو کر بڑی مشکل سے قریبی تھانے پہنچا۔ پولیس نے وشال کا میڈیکل چیک اپ بھی کرایا۔ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔