بین الاقوامی طرز کے ایکوریم کا افتتاح
کراچی: (ہاٹ لائن نیوز) میئر کراچی بیرسٹر مرتضٰی وہاب نے چڑیا گھر میں بین الاقوامی طرز کے فش ایکوریم کا افتتاح کیا ہے۔ مرتضٰی وہاب نے اس موقع پر کہا کہ یہ ایکوریم کافی عرصے سے بند پڑا تھا جس کو دوبارہ فعال کر دیا گیا ہے۔
میئر کراچی نے فش ایکوریم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے تفریحی مقامات کو بہتر کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی شہر کی خدمت کرنا چاہتی ہے، سفاری پارک میں بھی ایک اور احسن کام ہونے جا رہا ہے، کراچی کے تمام تفریحی مقامات کو عالمی طرز کا بنائیں گے۔
اس موقع بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر اقبال نواز بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ اس ایکوریم میں 25 ممالک کی نایاب مچھلیاں موجود ہیں اور ایکوریم کا ٹکٹ صرف پچاس روپے رکھا گیا ہے۔
ایکوریم کی افتتاحی تقریب میں مختلف اسکولوں کی طالبات بھی بڑی تعداد میں شریک ہوئیں۔اس موقع پر ڈپٹی میئر کراچی سلمان عبداللہ مراد کے علاؤہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے افسران بھی موجود تھے ۔