بھوک و افلاس سے تنگ بچی نے پولیس کو کال ملا دی

0
50

گوجرانوالہ : ( ہاٹ لائن نیوز) بھوک سے تنگ آ کر پولیس سے مدد مانگنے کا ایک اور واقعہ گوجرانوالہ میں پیش آیا ہے، جہاں ایک کم سن بچی نے پولیس کو اپنے چھوٹے بہن بھائیوں کے لیے کھانے کا انتظام کرنے کے لیے فون ملا دیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق گوجرانوالہ کے علاقے عثمان پارک کی رہائشی کم سن بچی نے 15 پر کال کر دی ۔

بچی نے فون پر بتایا کہ اس کے والد ٹریفک حادثے میں شدید زخمی ہو گئے ہیں اور اس کے چھوٹے بہن بھائی بہت بھوکے ہیں۔

پولیس کے مطابق تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن کی پولیس کو متعلقہ پتے پر بھجوایا گیا تو حقیقت حال معلوم ہوئی کہ گھر میں بچی کے ساتھ اس کے 4 چھوٹے بہن بھائی، اس کے زخمی والد اور والدہ تھیں۔

ایس ایچ او تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن نے کہا ہے کہ میری جیب میں جتنے بھی پیسے تھے ، میں ان سے راشن لے کر بچی کے گھر دے آیا ہوں۔

جب بچی سے پوچھا گیا کہ آپ کو پولیس ہیلپ لائن پر کال کرنے کا خیال کیسے آیا؟ تو بچی نے بتایا کہ اس نے ٹیلی ویژن پر دیکھا تھا کہ پولیس والے انکل راشن دے رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں بھی بچوں کی بھوک اور تنگدستی سے تنگ دو افراد نے ون فائیو کو مدد کیلئے کال کی تھی، جس کے بعد پولیس کیجانب سے انکی مدد بھی کی گئی تھی۔

Leave a reply