بھارت کے انتقامی اقدامات، وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ 38

بھارت کے انتقامی اقدامات، وزیراعظم کا اقوام متحدہ سے نوٹس لینے کا مطالبہ

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے اقوام متحدہ پر بھارت کے انتقامی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے حریت رہنما محمد یاسین ملک کو دہشت گردی کے جعلی مقدمے میں ملوث کرنے کے اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بے مثال بہادری و حریت کی علامت اور ضمیر کے قیدی یاسین ملک کے خلاف بھارتی ہتھکنڈہ مسترد کرتے ہیں ، یہ کشمیریوں کو جھکانے کی ناکام کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کونسل ماورائے قانون وانصاف اور انتقام پر مبنی بھارتی اقدام کا نوٹس لے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان عالمی وانسانی حقوق کے تمام اداروں اور اوآئی سی کے فورم پر یاسین ملک اورکشمیری قیادت کے خلاف انتقامی کارروائیوں کوپوری قوت سے اٹھائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست 2019کے ناجائز اور غیرقانونی اقدامات کی طرح یاسین ملک کے خلاف مقدمہ بھی غیرقانونی اور ناجائز ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جموں وکشمیر پر ناجائز قبضہ کرنے والا بھارت کشمیریوں کی نمائندہ حقیقی قیادت کو ختم کرنے کی سوچی سمجھی منصوبہ بندی پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیر کی نشانی سید علی گیلانی شہید کے جسد خاکی سے ڈرنے والا بھارت یاسین ملک کی حق گوئی سے خوف زدہ ہے۔

اشرف صحرائی شہید، ان کے شہید صاحبزادے سمیت ہزاروں شہداء کشمیر تحریک استصواب رائے کے حصول کی منزل کے سنگ ہائے میل ہیں اور یہ سب شہداء جموں وکشمیر میں غیرقانونی طور پر قابض بھارت کے ظلم وبربریت اور ریاستی دہشت گردی کے ثبوت ہیں

انہوں نے مزید کہا کہ پوری دنیا جانتی ہے کہ بھارت کے سیاہ قوانین اور عدالتی نظام عدل کے عالمی وفطری تقاضوں کے منافی ہے، ناجائز حکومت کے سیاہ قوانین سے مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کو غلام نہیں بنایا جاسکتا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق تنازعہ جموں وکشمیر حل کرائے، پاکستان کی حکومت اور عوام کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں