بھارتی ہائی کمشنر کو گردوارے میں داخل ہونے سے کیوں روکا گیا ؟
گلاسگو: (ہاٹ لائن نیوز) برطانیہ میں بھارت کے ہائی کمشنر کو اسکاٹ لینڈ میں گورو دوارے کے اندر داخل نہیں ہونے دیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ میں بھارتی ہائی کمشنر اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسگو میں واقع گورودوارے میں گئے جہاں ان کو اندر داخل ہونے سے روک دیا گیا۔
بھارت کے ہائی کمشنر کو سکھ نوجوانوں کی طرف سے گورو دوارے کی پارکنگ میں ہی روک دیا گیا۔جب بھارتی ہائی کمشنر نے گاڑی سے اترنے کی کوشش کی تو سکھ نوجوانوں نے انہیں گورودوارے کی طرف جانے سے روک دیا ، جس کے بعد وہ واپسی کیلئے روانہ ہو گئے۔
خیال رہے کہ کینیڈا میں خالصتان کے حامی سکھ رہنما کا قتل ہو گیا تھا جس کے بعد دنیا بھر میں سکھ برادری میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ کینیڈا کے وزیراعظم نے سکھ رہنما کے قتل میں بھارت کی خفیہ ایجنسی “را” کے ملوث ہونے کا بیان دیا تھا جس کے بعد سے کینیڈا اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔