بجلی کا بل ایک اور زندگی نگل گیا
ملتان: ( ہاٹ لائن نیوز) جہانیاں میں بل کی ادائیگی کے باوجود بجلی بحال نہ ہو سکی ، جس پر گھریلو حالات سے تنگ آ کر 4 بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں کھا کر اپنی زندگی ختم کر لی ۔
خاتون کے شوہر قاسم کا کہنا ہے کہ بل کی ادائیگی کے بعد گھر میں راشن کے لیے پیسے نہیں تھے اور بچے بھی 2 دن سے بھوکے تھے۔
قاسم نے بتایا ہے کہ وہ چار بچوں کا باپ ہے اور وہ 400 روپے دیہاڑی پر مزدوری کیا کرتا ہے ، 10 ہزار روپے بجلی کا بل آیا تو پھر گھر کی اشیاء فروخت کر دیں ، قرض لے کر بل ادا کر دیا گیا لیکن ملتان الیکٹرک پاور کمپنی کے اہلکاروں نے بجلی بحال نہیں کی، بل کی ادائیگی کے بعد گھر میں راشن کے لیے پیسے بھی نہیں تھے۔
شوہر قاسم نے مزید کہا ہے کہ جب گھر آیا تو بیوی بجلی کی بندش اور بچوں کی بھوک کی وجہ سے پریشان تھی، جب کام پر گیا تو بیوی نے زہریلی گولیاں کھا لیں، اس کو فوری طور پر تحصیل اسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ جانبر نہ ہوسکی ۔