57

بابائے خدمت عبدالستار ایدھی کی آج چھٹی برسی

انسانیت کے لیے اپنی زندگی وقف کرنے والے مشہور سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کو آج ہم سے بچھڑے 6 برس بیت گئے لیکن دہائیوں تک انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنے والے ایدھی فاؤنڈیشن کے بانی چیئرمین عبدالستار ایدھی آج بھی ہر پاکستانی کے دل میں زندہ ہیں۔ عبدالستار ایدھی 1928 میں ہندوستان کے علاقے گجرات میں ایک مسلمان تاجر کے گھر پیدا ہوئے اور 1947 میں ہجرت کرکے پاکستان آئے، انہوں نے صرف 5 ہزار روپے سے اپنے پہلے فلاحی مرکز ایدھی فاؤنڈیشن کی بنیاد ڈالی، لاوارث بچوں کے سر پر دستِ شفقت رکھا اور بے سہارا خواتین اور بزرگوں کے لیے مراکز قائم کیے،چھوٹی عمر میں ہی انہوں نے اپنے سے پہلے دوسروں کی مدد کرنا سیکھ لیا تھا، یہ بات آگے کی زندگی میں ایدھی صاحب کے لیے کامیابی کی کنجی ثابت ہوئی۔
عبدالستار ایدھی نے اپنی زندگی کے 65 برس دکھی انسانیت کی خدمت میں گزارے،جس کا آغاز انہوں نے 1951 میں ایک ڈسپنسری قائم کرکے کیا۔ 6 دہائیوں تک انسانیت کی بلاتفریق خدمت کرنے والے ایدھی، انتقال سے قبل تقریباً 20 ہزار بچوں کی سرپرستی کررہے تھے، مرحوم ایدھی نے اپنی آنکھیں عطیہ کر کے مرنے کے بعد بھی دکھی انسانیت کی خدمت کی جس کی وجہ سے 2 افراد کی آنکھوں کو روشنی مل سکی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں